سرگودھا۔ 10 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں حکومتی اقدامات او رعوامی بہبود کے 8 مختلف نکات پر ایک ہفتہ میں ہونے والی پیش رفت کاجائزہ لیاگیا۔اجلا س میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اے ڈ ی سی آر، لوکل گورنمنٹ، لائیوسٹاک اور ماحولیات کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنر زکو سرکاری ونجی ہسپتالوں کے ڈائلسیز یونٹس کے دورے کر کے ڈائلسیز کیلئے وضع کردہ ایس او پیز کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کرسمس اور سردیوں کی تعطیلات سے قبل ڈویژن بھر کے تفریحی مقامات پر نصب جھولوں کے ٹیسٹ کروا کر فٹنس سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر عارف سلطان نے وزیر اعلیٰ پنجاب لائیوسٹاک کارڈ بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ سرگودہا ڈویژن میں کارڈ کے اجراء کیلئے 2ہزار فارمرز رجسٹرڈ کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا تھا اور اب تک 5ہزار 586 رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، رجسٹریشن تاحال جاری ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 435کارڈ مویشی پال حضرات میں تقسیم بھی کئے جاچکے ہیں۔ کسان کارڈ کے ذریعے مویشی پال حضرات 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کا قرضہ حاصل کرسکتے ہیں۔ حکومت پنجاب کے اس اقدام کا بنیادی مقصد گوشت کی پیداوار میں اضافہ او رکسان کو خوشحال بنانا ہے۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام پر ایک ہفتہ میں انجام سرگرمیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے ریکوری کو بہتر بنانے جبکہ یو سی سیکرٹری کو عملہ صفائی کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ڈویژن سطح پر کالجز اور سکولوں کے طلبہ وطالبات میں تحریری وتقریری مقابلے کروانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور بتایاگیا کہ ایک ہفتہ کے دوران ڈویژن بھر میں پرائس مجسٹریٹس نے 12ہزار 246 انسپکشنز کیں۔ پرائس ایکٹ کی خلاف ورزی پر 24لاکھ 58ہزار 500 روپے جرمانہ کیاگیا۔
28 دکانیں سیل جبکہ 84 کو گرفتار کیاگیا۔ اجلا س کو بتایاگیا کہ ایک ہفتہ میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ ٹماٹر کی قیمتیں کم ہوئیں۔ اگلے ہفتے سے آلو کی قیمت میں بھی کمی کا قوی امکان ہے۔ کمشنر نے تھوک کے ساتھ پرچون نرخ بھی آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں گنے کی کریشنگ کا بھی جائزہ لیاگیا اوربتایا گیاکہ چاروں اضلاع میں شوگرملز کا آپریشن جاری ہے۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنر ز کو کاشتکاروں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنانے کے ساتھ تمام ملوں کی کریشنگ پر خاص نظر رکھنے، ناجائز کٹوتی، کنڈوں میں ہیر پھر کی شکایات پر متعلقہ ملز انتظامیہ کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کاحکم دیا۔ سموگ سرگرمیوں کاجائزہ لیتے ہوئے کمشنرجہانزیب اعوان نے محکمہ ماحولیات کے ساتھ ریونیو فیلڈ اسٹاف کو بھی بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں دینے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیر وٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ز نے مین ہولز کورکرنے، آوارہ کتوں کے خلاف ایکشن کے علاوہ پنجاب انفورسمنٹ ریگولٹری اتھارٹی کے تحصیل سطح پر اسٹیشنز کے قیام کے اب تک کی پیش رفت بارے بریفنگ دی۔