کمشنر ہزارہ ڈویژن کا اپرکوہستان کا دورہ، افسران کو شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

147

اپرکوہستان۔ 28 جون (اے پی پی):کمشنر ہزارہ ڈویژن سید ظہیر السلام نے اپر کوہستان اپر کا دورہ کیا اور لوگوں کے مسائل سن کر متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کوفوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپرکوہستان عرفان اﷲ محسود ، ضلعی پولیس آفیسراپر کوہستان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جی)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایف اینڈ پی)، اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈ کوارٹر، اسسٹنٹ کمشنر سب ڈویژن سیو، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جنرل اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو بھی موجود تھے۔

پولیس کے چاک و چوبند دستے کی طرف سے کمشنر ہزارہ ڈویژن کو سلامی پیش کی گئی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر ریسٹ ہائوس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں لائن ڈیپارٹمنٹ کے تمام محکموں کے سربراہان، علماکرام، علاقائی معززین، سماجی کارکنان اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر ہزارہ نے لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ترجیحی بنیادوں پر شکایات کا ازالہ کرنے کی ہدایات کیں۔ بعد ازاں تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان نے ڈپٹی کمشنر کے آفس میں اپنے محکموں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنر ریسٹ ہائوس میں درخت لگا کر مون سون شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔