کم عمر افراد کیلئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان ٹریفک پولیس

ترجمان ٹریفک پولیس ڈاکٹر اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کم عمر افراد کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دیا جا سکے۔

فیصل آباد۔ 09 جولائی (اے پی پی):ترجمان ٹریفک پولیس ڈاکٹر اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کم عمر افراد کیلئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجرا کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سہولت کے تحت 16 سے 18 سال عمر کے نوجوان، والدین یا قانونی سرپرست کی اجازت سے موٹر سائیکل چلانے کے لیے خصوصی پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 16 سالہ امیدوار کے لیے فیس 1015 روپے جبکہ 17 سالہ امیدوار کے لیے 515 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ٹریفک سائنز ٹیسٹ کی فیس 65 روپے ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار کو اصل ب فارم، والد یا والدہ یا قانونی سرپرست کا قومی شناختی کارڈ اور ایک ایک تصویر پیش کرنا ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ والدین یا سرپرست کی اجازت کے بغیر پرمٹ جاری نہیں کیا جائے گا اور امیدوار کو باقاعدہ ٹریفک سائنز و روڈ ٹیسٹ پاس کرنا لازم ہوگا۔ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ صرف 125 سی سی تک کی موٹر سائیکل چلانے کیلئے مؤثر ہوگا جبکہ پرمٹ ہولڈر کے لیے ہر وقت ہیلمٹ اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کو یقینی بنائیں تاکہ سڑکوں پر محفوظ سفر کے فروغ میں مدد مل سکے۔