کم عمر ڈرائیونگ پر 1860 اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 210 مقدمات درج

212
کم عمر ڈرائیونگ

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):لاہور ٹریفک پولیس کا کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون جاری ہے، گزشتہ 5 روز کے دوران 1860 مقدمات درج کراکے سینکڑوں گاڑیاں تھانوں میں بند کر دیں، بغیر لائسنس پہلے ہی روز 210 ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے،

یہ بات ہفتہ کو سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی، انہوں نے کہا کہ کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹرسائیکل دینے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج ہو گا، شہر میں 30 لائسنس دفاتر، 10 موبائل وینز اور 03 سینٹر 24/7 کھلے ہیں،

اتوار کو بھی شہر کے تمام لائسنس دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، والدین 18 سال سے کم عمر بچوں کو ہرگز گاڑی یا موٹر سائیکلیں چلانے نہ دیں، والدین اپنے بچوں کے مستقبل کے خود ذمہ دار ہیں، کریمنل ریکارڈ بننے سے سرکاری نوکری اور ویزہ کے حصول میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، اب کم عمر ڈرائیورز کیخلاف ایف آئی آر درج ہو گی، والدین اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت ہرگز نہ دیں۔