اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے کم لاگت اورسستے گھروں کی تعمیرکیلئے قرضہ جات کی فراہمی کے حوالہ سے بینکوں کی کارگردگی کا جامع اندازمیں جائزہ لیاجارہاہے،قرضوں کی فراہمی میں آسانی کیلئے شفاف اندازمیں مطلوبہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات پیرکویہاں کم لاگت گھروں کے حوالہ سے وزارت خزانہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں چئیرمین نیاپاکستان ہائوسنگ ڈولپمنٹ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر) انورعلی حیدر،گورنرسٹیٹ بینک رضاباقر اوردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔
گزشتہ سے پیوستہ اجلاس میں چئیرمین نیاپاکستان ہا ئوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل(ر) انورعلی حیدرنے شرکا ءکوکم لاگت گھروں کی تعمیرکے حوالہ سے بتایا کہ مختلف تجاویز پرکافی پیش رفت ہوچکی ہے اوراس ضمن میں مختلف ایشوزکوسٹیٹ بینک کی مشاورت سے حل کردیاگیا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ کلیدی بینکوں کی جانب سستے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضہ جات کے حوالہ سے آگاہی مہم چلائی جائیگی۔وزیرخزانہ نے کہاکہ شہریوں کی سہولت کیلئے سستے گھروں کی تعمیرکیلئے قرضہ جات کی فراہمی کے حوالہ سے بینکوں کی کارگردگی کا جامع اندازمیں جائزہ لیاجارہاہے،قرضوں کی فراہمی میں آسانی کیلئے شفاف اندازمیں مطلوبہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اجلاس میں گورنرسٹیٹ بینک نے سستے گھروں کی تعمیرکیلئے عوامی آگاہی، عوامی شکایات کے حل اوراس ضمن میں عوام کی رائے کے بارے میں معلومات فراہم کی۔گورنرنے کم لاگت کے گھروں کی تعمیرکیلئے قرضوں کے حوالہ سے بینکوں کے متعلقہ تحفظات کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیرخزانہ نے ان تحفظات کونوٹ کیااورانہیں جلدازجلدحل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔چئیرمین نیاپاکستان ہائوسنگ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے عوام کوکم لاگت گھروں کی تعمیرمیں اتھارٹی کوسہولت فراہم کرنے پروزیرخزانہ کاشکریہ اداکیا۔