کم پیداواری لاگت سے بھاری زر مبادلہ کمانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، انعام علی اطہر

173
محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے سبز چارہ جات کی سارا سال دستیابی کا ایک انقلابی پروگرام شروع کردیا

سیالکوٹ ۔12ستمبر (اے پی پی):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ پیداواری لاگت کم کر کے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس شعبے کو ترقی دینے کی ضرورت ہے، کثیر زرمبادلہ کمانے کے لئے آرگینک فارمنگ سمیت زرعی اجناس کی برآمدات بڑھانے ،مویشی پال حضرات کی بھرپور معاونت، لائیو سٹاک کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی حکمت عملی اور زرعی اجناس کی درآمدات کم کر نے کی پالیسی پر توجہ دینا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک وڈیو بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر زرعی ملک ہے ، دنیا بھر میں غذائی اجناس اور دودھ و گوشت کی مصنوعات کی زبردست مانگ کے ساتھ ساتھ بھاری زر مبادلہ کمانے کے وسیع امکانات موجود ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقیاتی منصوبوں میں شعبہ لائیو سٹاک اور زراعت کواولین ترجیحات میں اہمیت دلوانا اور جی ڈی پی میں اس شعبے کے حصے کے مطابق ترقیاتی وسائل کی فراہمی ممکن بنانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پیداواری لاگت کم کر کے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس شعبہ کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔