ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کنزیومر کونسل گوجرانوالہ کو ایک بزرگ شہری کے ساتھ ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے پر کارروائی کی ہدایت کی، جس پر کونسل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری کو اس کی سات ہزار رقم واپس دلا دی
کنزیومر کونسل گوجرانوالہ کو ایک بزرگ شہری کے ساتھ ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے پر کارروائی

مزید خبریں
گوجرانوالہ ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کنزیومر کونسل گوجرانوالہ کو ایک بزرگ شہری کے ساتھ ہونے والی مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے پر کارروائی کی ہدایت کی، جس پر کونسل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری کو اس کی سات ہزار رقم واپس دلا دی۔ 70 سالہ بزرگ شہری ملائشین مرغیاں پالنے اور ان کے انڈوں سے چوزے نکال کر فروخت کرنے کے ذریعے اپنے پیٹ کی دوزخ بجھاتا تھا اور اسی محنت مزدوری سے اپنا گزر بسر کرتا تھا۔ ولایتی مرغیاں اور پرندے فروش نوجوان نے مبینہ طور پر بزرگ شہری کی عمر اور کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ملائیشین نسل کی مرغی دینے کا وعدہ کیا، تاہم اسے دیسی مرغی تھما دی اور ساتھ غیر معیاری انڈے بھی دے دیے۔ بعد ازاں حقیقت سامنے آنے پر بزرگ شہری کو احساس ہوا کہ اس کے ساتھ دھوکہ دہی کی گئی ہے۔
متاثرہ بزرگ شہری نے انصاف کے حصول کے لیے کنزیومر کونسل گوجرانوالہ میں درخواست دائر کی۔ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چوہدری محمد فاروق نے کارروائی کی اور بزرگ شہری کی رقم واپس دلوائی، جس پر بزرگ شہری نے شدید جذباتی کیفیت میں وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف صاحبہ کا شکریہ ادا کیا۔ رقم کی واپسی پر وہ انتہائی مشکور اور اشکبار ہو گیا۔یہ کارروائی اس امر کی عکاس ہے کہ کنزیومر کونسل گوجرانوالہ معاشرے کے کمزور، بزرگ اور محنت کش طبقات کے حقوق کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے صارف دوست وژن کے مطابق صارفین کے استحصال اور دھوکہ دہی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ہر شہری کو اس کے حقوق کا تحفظ اور بروقت داد رسی میسر آ سکے۔








