کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیری ہماری دفاعی لائن ہیں،بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کے لئے 512 بنکرز بنائے جارہے ہیں، وفاقی وزیرعلی امین خان گنڈاپور

45

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نےکہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیری ہماری دفاعی لائن ہیں،بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد کے لئے 512 بنکرز بنائے جارہے ہیں۔پیر کو لائن آف کنٹرول پر رہائش پذیر متاثرہ آبادی کی بحالی کے لئے شروع کیے گئے 3.6 ارب مالیت کے پروجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایل او سی پر رہائش پذیر عوام سے یکجہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ایل او سی پر رہائش پذیر عوام پاکستان کی پہلی دفاعی لائن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہائش پذیر عوام بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا حوصلے اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں،ہر سال ہزاروں عوام بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے متاثر ہوتے ہیں،ایل او سی پر رہائش پذیر عوام کی بحالی کے اس پروگرام  کے تحت763 حفاظتی بنکرز تعمیر کئے جارہے ہیں، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ 512 حفاظتی بنکرز پر کام تیزی سے جاری ہے،عوام کی حفاظت کے حوالے سے اس اہم منصوبے کے لیے بھرپور فنڈز فراہم کر رہے ہیں،منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔