کوئٹہ، پرائس کنٹرول کمیٹی کی گرانفروشو اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی ، 176 دکانیں سیل، 200 دکاندار گرفتار

78

کوئٹہ۔ 28 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹی نے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 176 دکانوں کو سیل جبکہ 200 دکانداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

تجاوزات کے حوالے سے سریاب روڈ ،کندھاری بازار، ریسانی روڈ، زرغون روڈ اور نیشنل پارک ہزار گنجی میں بھی کاروائی کر کے 20 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تمام کرش پلانٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

شہر میں مرغی اور دودھ فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے جس سے مرغی اور دودھ کی قیمتوں میں استحکام پیدا ہو رہا ہے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے غیر قانونی رکشوں اور پرانی بسوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے اب تک 75 رکشے اور 10بسیں بند کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور تمام تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرزاور اسپیشل مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر کاروائی کر کے رپورٹ جمع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی گئی ہے اس کے علاوہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی کے پیش نظر ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم پر تمام کریش پلانٹس کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ان کے سامان بھی ضبط کر دیے گئے ہیں جس سے شہر میں آلودگی میں کمی واقع ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر غیر قانونی رکشوں اور پرانی بسوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار رہی ہیں جس سے شہر میں ٹریفک کا نظام قدر بہتر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے لوکل اور ڈومیسائل کے مرحلے کو آسان اور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور گزشتہ ماہ 1500 کے قریب لوکل وڈومیسائل سرٹیفکیٹ لوگوں کو دیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے تمام کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا اجراء کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کو بھی جلد نادرا ڈیٹا بس سے مسلک کیا جائے گا تاکہ لوگوں کو اپنا لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنوانے میں آسانی ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ گرین بس کوئٹہ کے عوام کی سہولت کے لیے ایک بہترین سروس ہے جو کہ روزانہ ہزاروں افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانے کے لیے شروع کیا گیا۔ڈپٹی کمشنرنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور ان کے تکمیل کو ہر صورت ممکن بنایا جا رہا ہے۔