کوئٹہ۔ 14 اگست (اے پی پی):کوئٹہ سمیت بلوچستان بھرمیں 14اگست کو یوم آزادی بھرپور طور پر منایا گیا، صوبے کی تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں،دفاتر،بازاروں،شاپنگ مالز اور تعلیمی اداروں کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈوں سے سجایا گیا ۔ کوئٹہ، گوادر،تربت،سبی،ڈیرہ بگٹی کوہلو،لورالائی،چمن،زیارت،نوشکی،ہرنائی،جھل مگسی سمیت دیگر شہروں میں خصوصی تقاریب اور جلسوں کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں مرد وخواتین نے شرکت کی۔
کوئٹہ میں دن کا آغاز مساجد میں یوم آزادی کے لیے قرآن خوانی سے ہوا جبکہ ملک وقوم کی سلامتی و استحکام اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔