کوئٹہ شہر میں غیر فعال ٹریفک سگنلز کو دوبارہ فعال کر دیا گیاہے، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ

ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ دوستین دشتی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار کر انقلابی اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میڈیا معاشرے کاچوتھا ستون ہے

کوئٹہ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ دوستین دشتی نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار کر انقلابی اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ میڈیا معاشرے کاچوتھا ستون ہے، صحافی ٹریفک پولیس کی خامیوں اور غلطیوں کی نشاندہی کریں تاکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کو یقینی بنائےجاسکیں،صحافیوں کے لیے ہمارے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔​ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں میں ڈرائیونگ لائسنس تقسیم کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین اور دیگر سنئیر صحافی بھی موجود تھے۔ایس ​ایس پی ٹریفک دوستین دشتی نے بتایا کہ انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس کو نئی جدید موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں، جس سے کوئٹہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر گشت کا نظام مزید مؤثر ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک نظام کو سیف سٹی پروجیکٹ کے ساتھ مکمل طور پر منسلک کر دیا گیا ہےجبکہ کوئٹہ پروجیکٹ کے تحت ٹریفک پولیس کے تمام تر امور کی ڈیجیٹلائزیشن پر تیزی سے کام جاری ہے۔​

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور منظم آمدورفت کے لیے غیر فعال ٹریفک سگنلز کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور بدنظمی سے نمٹنے کے لیے 100 سے زائد تربیت یافتہ رضاکار ٹریفک پولیس کے شانہ بشانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ایس ​ایس پی ٹریفک دوستین دشتی نے کہا کہ کوئٹہ میں ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی کمی ہے اور اس حوالے سے آئی جی پولیس کی ہدایت پر خالی آسامیوں پر جلد میرٹ پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔ ایس ​ایس پی ٹریفک کوئٹہ نےکہا کہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ مستقبل کے معماروں میں ٹریفک کے متعلق شعور و آگاہی کو اجاگر کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی کا مقصد صحافی برادری کو سہولت دینا اور قانون کی پاسداری کا عملی پیغام عام کرنا ہے۔ انہوں نےمیڈیا کےتوسط سےشہریوں سے اپیل کی کہ وہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔