
اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی سے اعتماد کے ووٹ کے موقع پر اگر کوئی ثابت کردے کہ ارکان کی تعداد 178سے کم تھی تو عہدہ چھوڑ دوں گا،پریس گیلری پارلیمنٹ کا حصہ ہے ،صحافیوں کے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی یقنی بنائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے ہمراہ میڈیا سنٹر کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرپارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیدار وں سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میڈیا سنٹر میں رپورٹرز اور کیمرہ مینوں کے لئے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پریس گیلری پارلیمنٹ کا حصہ ہے اس لئے صحافیوں کے لئے سہولیات کی فراہمی اور آزادی اظہار کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وزیر اعظم کے قومی اسمبلی سے اعتماد کے اظہار کے ووٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پورا میڈیا موجود تھا ہر کسی نے دیکھا فیصل واوڈا اور مجھے نکال کر 178ارکان موجود تھے ۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ریکارڈ کے ساتھ ثابت کردے کہ ارکان کی تعداد 178سے کم تھی تو عہدہ چھوڑ دوں گا۔