اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعون نے کہا ہے کہ کئی سیاسی چیلنجز کے باوجود حکومت سمجھتی ہے کہ سیاسی محاذ پر کوئی بھی ایسا چیلنج نہیں جو اس کے لئے باعث پریشانی ہو۔ نجی ٹیلی ویژن پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں تتربتر ہیں اورایک دوسرے کے ساتھ سیاست اور منافقت کر رہی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو کوئی ایسا سیاسی چیلنج درپیش نہیں جو حکومت کے لئے باعث پریشانی ہو۔ وزیر اعظم عمران خان آج بھی مقبول ترین رہنما ہیں اور عوام کے مفاد کے لئے قومی بیانیہ کو آگے لانے کے لئے سیاسی محاذ پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق معیشت کو درست سمت پر ڈال دیا گیا ہے جس کے باعث معیشت کے مضبوط ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں، درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت منگائی پر قابو بانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے مثبت اثرات عوام کو منتقل کئے جارہے ہیں۔