اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت انصاف کی فراہمی کے منشور پر قائم ہوئی ہے،کوئی معاشرہ سماجی و معاشی انصاف کو قائم کئے بغیر ترقی نہیں کرسکتا،یکساں تعلیمی نصاب کو رائج کرنا ایک احسن اقدام ہے،سب سے بہترین نمونہ جس کی پیروی کی جائے وہ نبی آخرالزمان حضرت محمّد ﷺ کی سیرتِ ہے اور موجودہ تعلیمی نصاب میں اسے شامل کیا گیا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو اسلام کی اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تربیت دی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد میں بین الاقوامی ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے زیر اہتمام ” مسلم دنیا میں جمہوری تبدیلی ؛ چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر منعقد ہونے والی تین روزہ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ مذہبی معاملات سے متعلق کوئی بھی قانون سازی کرنے سے پہلے اسلامک آئیڈیالوجی کونسل سے اس پر اس کی رائے لیتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں اسلامک آئیڈیالوجی کونسل کے مثبت کردار کو سراہا ۔انہوں نے کہا پاکستان کی تخلیق برصغیر کے مسلمانوں کی نظریاتی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح نے ایک ایسے ملک کے لیے جدوجہد کی جہاں سب کو مساوی حقوق حاصل ہو اور ہر شخص اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرسکے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن ، ہم آہنگی اور مساوات کا درس دیتا ہے انتہاپسندی اور امتیازی سلوک کی نفی کرتا ہے۔
مغربی دنیا میں اسلاموں فوبیا کی چیلنج کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے اسلام کے امن کے پیغام کو دنیا میں عام کرنے کے ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی ہمسائہ ملک ہے اور پاکستان ہمیشہ سے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہشمند رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت کے اس وقت میں ہم اپنے افغان بھائیوں کی مدد جاری رکھیں گے۔بعدازاں ڈپٹی سپیکر نے ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔بین الاقوامی ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے سربراہ اسرار مدنی نے کہا کہ اسلام ہر قسم کے امتیازی سلوک کی ممانعت کرتا یے اور سب کے لئے یکساں حقوق کی فراہمی پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور ہمیں اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا میں پھیلانے کے لیے اپنے صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی ضرورت ہے۔