واشنگٹن۔ 12 مارچ (اے پی پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے برطانیہ کے علاوہ یورپ کے 26 ممالک سے امریکہ آنے والی پروازوں پر 30 روز کے لیے پابندی عائدکرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس بات کا اعلان انہوں نے اٹلی میں ملک گیرلاک ڈائون کے اعلان کے بعد گزشتہ شام کو وائٹ ہائوس کے اوول آفس سے ٹیلی ویژن خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفری پابندیاں یورپی یونین کے 26 ممالک پر عائد کی جائیں گی کیونکہ یورپی یونین کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام ہو گیا ہے جس طرح امریکہ اس وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کر رہا ہے لیکن یہ سخت اور ضروری پابندیاں برطانیہ پر لاگو نہیں ہوں گی جہاں کورونا وائرس کے 460 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ہمارے ملک میں داخل ہونے سے قبل یورپ کے لیے تمام سفری سہولیات منسوخ کر رہے ہیں اور یہ پابندیاں آج (جمعہ) کی درمیانی شب سے لاگو کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سفری پابندیاں یورپ سے امریکہ کے لیے تجارت اور کارگو سہولیات پر بھی عائد کی جائیں گی۔ بعدازاں انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ امید ہے کہ ڈیموکریٹس اور ریپبلیکنز کی طرف سے پے رول ٹیکس کی منظوری ہو جائے گی اور تمام ممالک اور کاروباری حضرات یاد رکھیں کہ نئے اقدامات سے تجارت متاثر نہیں ہو گی بلکہ یہ قدامات لوگوں کی آمدورفت کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کانگریس پر زور دیا کہ چھوٹے کاروباری حضرات کے لیے اربوں ڈالر کے قرضے جاری کیے جائیں گے اور کاگریس کورونا وائرس کے ملک کی اقتصادی صورتحال پر اثرات کو روکنے کے لیے ٹیکس ریلیف کے بڑے بل کی منظوری دے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکی شہریوں کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت اور نجی شعبے کے مکمل تعاون سے اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ سفری پابندیاں واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے 1,135 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 38 اموات ہوئی ہیں۔