کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے وفاق اور صوبائی حکومتوں کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے ۔ گورنر سندھ

کراچی۔3 اپریل (اے پی پی)گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت حکومت سندھ کی کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ سے متعلق کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو یہاں گورنر ہاس میں منعقد ہوا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عبد العلیم لاشاری ، مشتاق چاپرا اور سی ای او انڈس ہسپتال ڈاکٹر عبدالباری موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے وفاق اور صوبائی دونوں حکومتوں کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے اور ہم نے متحدہ ہوکر ایک قوم کی طرح اس جنگ کو لڑنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مستحق خاندانوں اور محتاج افراد کو راشن کی فراہمی ایک مشکل کام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے خاندانوں کو راشن فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور غیر سرکاری تنظیمیں اس سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ اس حوالے سے مخیر حضرات کا کردار بھی اہم اور ان کی مدد سے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے میں واضح فرق آئے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مستحق افراد کی شناخت کے لئے ایک موثر میکانزم تیار کرنے کی اشد ضرورت ہے ، جنہیں راشن اور مالی مدد کی ضرورت ہے ، جس میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو بھی شامل کرنا ہوگا۔ چیف سکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے گورنر سندھ کو کورونا وائرس پر قابو پانے اور ایسے مریضوں کے علاج معالجے کے سلسلے میں سندھ بھر میں ڈپٹی کمشنرز کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ سی ای او انڈس اسپتال ڈاکٹر عبدالباری نے بتایا کہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے بروقت ٹیسٹ کے لئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تھیلسیمیا کے مریضوں کے لئے بلڈ اکٹھا کرنے کی مہم انڈس اسپتال نے شروع کی ہے تاکہ ان مریضوں کے لئے خون کی کمی کو پورا کیا جاسکے۔