کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے آئی ایم ایف سے اہم رعایت حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

47
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ، سروسزہوٹل لاہورکی نجکاری کیلئے مخصوص قیمت کی منظوری دیدی
ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ، سروسزہوٹل لاہورکی نجکاری کیلئے مخصوص قیمت کی منظوری دیدی

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اضافی اخراجات مالی خسارے میں شامل نہ کرنے پر رضامند ہے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے آئی ایم ایف سے اہم رعایت حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے، آئی ایم ایف کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اضافی اخراجات کو مالی خسارے میں شامل نہ کرنے پر رضامند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں کورونا وائرس کے معاشی اثرات سے نمٹنے کی حکمت عملی کی ذمہ داری سونپ دی ہے، ہم ایسی حکمت عملی وضع کریں گے کہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہماری بھرپور کوشش ہو گی کہ اشیاءخوردونوش کی قلت یا قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح حکومت کی بھرپور کوشش ہو گی کہ وباءسے بے روزگاری کے خطرات پیدا نہ ہوں اور کسانوں و کاشتکاروں کو ان کی مصنوعات کا پورا معاوضہ ملتا رہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ برآمدات متاثر ہونے کی صورت میں معاہدوں میں توسیع کی کوشش کی جائے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وباءکی وجہ سے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں ایک ٹریلین ڈالر کی مندی آئی ہے۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں سے مالی و تکنیکی مدد لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک صورتحال سے نکل رہے ہیں ان سے بھی مدد مانگی جا سکتی ہے۔