اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) سے ایف ٹین چوک تک نیا بلیو ایریا بنا رہے ہیں جس کیلئے 612 ملین روپے کا ٹینڈر جلد آ رہا ہے، آئندہ 6 ماہ تک پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس شروع ہو جائے …
پمز سے ایف ٹین چوک تک نیا بلیو ایریا بنا رہے ہیں جس کیلئے 612 ملین روپے کا ٹینڈر جلد آئے گا،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان کی پریس کانفرنس

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) سے ایف ٹین چوک تک نیا بلیو ایریا بنا رہے ہیں جس کیلئے 612 ملین روپے کا ٹینڈر جلد آ رہا ہے، آئندہ 6 ماہ تک پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس شروع ہو جائے گی، 2016ءسے2019ءتک صرف ایک پی سی ون منظور ہوا جبکہ موجودہ حکومت نے 21 پی سی ون منظور کیے، 33 یونین کونسلوں کیلئے ایک ارب 50 کروڑ کے فنڈز مختص کیے ہیں، جی سیون، جی ایٹ اور راول ڈیم چوک کے منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا جس کا ٹینڈر آئندہ ماہ آئے گا، آئندہ پانچ سالوں میں اسلام آباد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ( پی آئی ڈی ) میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے لوگوں کو ڈیڑھ سال کی کارکردگی بتانا لازمی تھی، یہاں کے شہریوں کیلئے نوکری کا کوٹہ نہیں تھا، ہمیں پنجاب کے ساتھ ملا دیا جاتا تھا، اس حوالے سے قائمہ کمیٹی میں معاملہ لے کے گئے، کابینہ تک بات گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کے لوگوں کو کوٹہ ملے گا، کابینہ نے اسلام آباد کے شہریوں کیلئے گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کیلئے 50 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے۔علی نواز اعوان نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور کے بعد یہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، 33 یونین کونسلوں کیلئے ایک ارب 50 کروڑ کے فنڈز مختص کیے ہیں جن سے پانی، نکاسی آب اور سڑکوں کے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا، جون سے پہلے رقم تمام دیہی علاقوں میں خرچ کریں گے، 3.5 کلومیٹر کا بہارہ کہو پل، ترنول فلائی اوور 1.5 کلو میٹر، 6 پیدل چلنے والے افراد کیلئے پل منصوبے اسی سال شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2016ءسے2019ءتک صرف ایک پی سی ون منظور ہوا جبکہ ہماری حکومت نے 21 پی سی ون منظور کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی سیون، جی ایٹ اور راول ڈیم چوک کے منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا جس کا ٹینڈر آئندہ ماہ آئے گا، وہاں پر انڈر پاس اور فلائی اوور بھی بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جے پی روڈ ، 11ونتھ ایونیو اور 12ایتھ ایونیو پر انٹرچینج بنیں گے اس کے علاوہ اتوار بازار کی پارکنگ کا مسئلہ بھی حل کریں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پمز سے ایف ٹین چوک تک نیا بلیو ایریا بنا رہے ہیں جس کیلئے 612 ملین روپے کا ٹینڈر جلد آ رہا ہے، آئندہ پانچ سالوں میں اسلام آباد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے، اسلام آباد ایکسپریس وے کے پہلے دو فیز مکمل ہو چکے ہیں، تیسرے فیز میں کچھ مسائل تھے جس کی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی انٹرچینج اور کورنگ پل کیلئے 50 کروڑ روپے رکھے ہیں، آئندہ ماہ اس منصوبہ کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسی روڈ پر گاڑیوں کا کافی رش ہوتا ہے جہاں سے تقریباً ایک لاکھ گاڑیاں روانہ گزرتی ہیں جس سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے، اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کی روانی میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے پہلے تنخواہوں کیلئے پیسے نہیں ہوتے تھے لیکن اب ان کے اکاﺅنٹ میں 15 ارب روپے موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، شہر کو 56 ملین گیلن یومیہ پانی دے رہے ہیں، جب ہم نے اس حوالے سے سروے کرایا تو معلوم ہوا کہ یہاں 206 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے، غازی بروتھا ڈیم سے اسلام آباد کیلئے 100 ملین گیلن جبکہ راولپنڈی کیلئے بھی 100 ملین گیلن پانی فراہم کریں گے اور اس منصوبے پر وقت لگے گا۔ علی نواز اعوان نے کہا کہ پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک بننے والی میٹرو بس سروس کے فنڈز کا بھی مسئلہ تھا، اب 90 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے، سبسڈی فری کرنے کیلئے 5 سے 6 ماہ مزید لگیں گے، میٹرو بسوں کی سیکورٹی اور پارکنگ کے لیے بھی جگہ مہیا کرنی ہے، آئندہ 6 ماہ تک میٹرو بس گاڑیاں چلتی نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نئے سیکٹرز نہیں بن رہے تھے، 6 ماہ کے اندر ای 12 اور آئی 12 سیکٹرز کا کام شروع ہو جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر رہی ہیں، حکومت عوام تک اس کا ریلیف پہنچائے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ برما پل پر 10 سال سے کام نہیں ہو رہا تھا، اب تقریبا 70 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے پاس 15 ارب روپے موجود ہیں،غازی بروتھا منصوبہ 60 سال سے مکمل نہیں ہوا، آنے والے دنوں میں تمام چیزیں پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گی، پہلی مرتبہ ایسی حکومت آئی ہے کہ جو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہے۔








