کورونا وائرس کی عالمی وبا پر چند ماہ میں قابو پایا جاسکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک میں نوجوانوں کو ویکسین لگانا ترجیح ہے، عالمی ادارہ صحت

95
عالمی ادارہ صحت کا کووڈ -19کے انفیکشن میں اضافے بارے تنبیہ جاری

جنیوا۔20اپریل (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے کہا ہے کہ بنیادی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعہ مہلک کورونا وائرس کی عالمی وبا پر چند ماہ میں قابو پایا جاسکتا ہے۔ منگل کو یورپی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ دنیا آنے والے مہینوں میں وبائی بیماری کورونا وائرس کو کنٹرول کرسکتی ہے بشرطیکہ وہ ضروری وسائل کی منصفانہ تقسیم کرے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں نوجوانوں کو ویکسین لگانا ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک میں عمر رسیدہ افراد ویکسین کے زیادہ مستحق ہیں اور ان ممالک میں ان لوگوں پر زیادہ توجہ دی جانی چاہئے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے خطرناک شرح پر بھی تشویش کا اظہار کیا جو دنیا بھر میں25 سے 59 سال کی عمر کے لوگوں میں زیادہ پھیل رہا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ عالمی سطح پر اس وقت کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 13 کروڑ 66 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ وبا سے تیس لاکھ سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا، برازیل اور بھارت کے علاوہ میکسیکو شامل ہیں۔