کورونا وائرس کی وبا کوشکست دینے کے بعد معیشت اورمعاشی سرگرمیوں کی جلد بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار کا جائزہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار نے پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں پر کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباکوشکست دینے کے بعد معیشت اورمعاشی سرگرمیوں کی جلد بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں کے حوالہ سے …

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیراقتصادی امورمخدوم خسروبختیار نے پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں پر کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وباکوشکست دینے کے بعد معیشت اورمعاشی سرگرمیوں کی جلد بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں کے حوالہ سے جائزہ ونظرثانی اجلاس میں کہی ہے۔ اجلاس میں متعلقہ صوبائی اداروں کے افسران اور پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے وڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ پاکستان میں عالمی بینک کے جاری پراجیکٹس کا حجم 10.4 بلین ڈالرہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں اس وقت عالمی بینک کی معاونت سے 1.9 ملین ڈالر اور خیبر پختونخوا میں 0.4 ملین ڈالر کے منصوبے جاری ہیں۔ وفاقی وزیراقتصادی امورنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیاحت، تعلیم اوربنیادی ڈھانچہ سے متعلق ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وبا کوشکست دینے کے بعدملک میں معیشت کوفروغ دینا اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مخدوم خسروبختیارنے کہاکہ ترقیاتی منصوبے ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے ضامن ہیں۔ وفاقی وزیرنے متعلقہ اداروں اورحکام کو پاکستان میں عالمی بینک کی معاونت سے جاری منصوبوں پر کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرناجی بن حسائن نے جائزہ ونظرثانی اجلاس کے انعقاد پروفاقی وزیرکا شکریہ اداکیا۔انہوں نے عالمی بینک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے ہدایات کے اجرا کو بھی سراہا۔