کورونا وائرس کی پانچویں لہر میں ہم داخل ہو رہےہیں، اومی کرون کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں،ڈاکٹر نوشین حامد

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی پانچویں لہر میں ہم داخل ہو رہےہیں، اومی کرون کے پھیلائو کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پہلے اس کا پھیلائو روکنے میں اس لئے کامیاب ہو گئے تھے کیونکہ حکومت نے ایسے اقدامات کئے جس کی وجہ سے اس بیماری پر قابو پالیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون کی تشخیص کےلئے ایک خاص ٹیسٹ کیا جاتا ہے، وہ ٹیسٹ اس وقت صرف بڑے شہروں کراچی، لاہور ، اسلام آباد میں کیاجا رہا ہے۔ ابھی صرف ا ن شہروں میں اومیکرون کے کیسز کی تشخیص کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو کیسز بڑھ رہے ہیں ان میں 50 فیصد کیسز اومیکرون ویرینٹ کے کیسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ وائرس بیرون ممالک سے پاکستان پہنچ گیا ہے تو یہ اب یہاں بھی پھیلے گا اور جس طرح مثبت کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے اگر ہم نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو اومیکرون کے کیسز میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کیسز میں اضافہ ہوتا رہا تو پھر ہمیں واپس پابندیوں کی طرف جانا پڑے گا تاہم اس وقت جس پر بہت سے زیادہ توجہ ہے وہ ویکسی نیشن ہے کیونکہ ویکسی نیشن کے ذریعے ہی ہم اس وبا پر قابو پا سکتے ہیں۔