اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے مکمل تدارک کے لئے پاکستان میں کل سے چین کی طرز پر زیادہ متاثرہ علاقوں میں کیمیائی اسپرے کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے نے اسپرے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق ان ٹیموں کو سپرے کرنے کی تربیت فراہم کی گئی ہے اور یہ ٹیمیں آج بہارہ کوہ سے سپرے کا آغاز کریں گی۔ اسی طرح شہزاد ٹائون اور مردان میں بھی سپرے کروائے جائیں گے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے تدارک اور روک تھام کے لیے قدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ملک بھر میں عوامی مقامات اور پبلک عمارتوں میں جراثیم کش سپرے کا اہتمام کر رہا ہے۔ قبل ازیں جمعرات کو وزرات صحت، کوہسار بلاک اور الیکشن کمیشن کے آفس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اسپرے کیا گیا تھا۔ اسی طرح مختلف اداروں کی جانب سے اپنے طور پر بھی متعلقہ دفاتر میں چھڑکاؤ کیا گیا ہے جبکہ لوگوں کو بچاؤ کے لیے صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ میل جول میں احتیاط برتتے ہوئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔