کورونا وبا کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی سہولیات کے لئے او پی ایف میں ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ، ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات اور مسائل حل کئے گئے، منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف

اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) او پی ایف (اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن) کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر عامر شیخ نے کہا ہے کہ او پی ایف اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے، کورونا وبا کے دوران بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے او پی ایف میں ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کو سن کر ان کے مسائل حل کئے گئے۔ ڈاکٹر عامر شیخ نے ”اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ او پی ایف کی ہائوسنگ سکیموں میں شفافیت کے لئے اہم اقدامات کئے جا رہے ہیں، ان سکیموں میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اوپی ایف کے تعلیمی اداروں میں طلباء کو آن لائن کلاسز کے ذریعے تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ ان کی تعلیم کا حرج نہ ہو۔