کورونا ویکسین کے ممکنہ حصول کے بعد ویکسینیشن کا طریقہ کار طے کر لیا گیا، نوشین حامد

42
کووڈ - 19 کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ،ڈاکٹر نوشین حامد
کووڈ - 19 کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ،ڈاکٹر نوشین حامد

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):کورونا ویکسین کے ممکنہ حصول کے بعد ویکسینیشن کا طریقہ کار طے کر لیا گیا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ویکسینیشن پلان تیار کر لیا گیا ہے، ویکسینیشن مہم تین مراحل میں چلائی جائے گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس مہم کا آغاز مارچ میں ہونے کا امکان ہے پہلے مرحلے میں ایک کروڑ افرا کی ویکسینیشن کی جائے گی جن میں پانچ لاکھ ہیلتھ کیئر ورکرز ہوں گے پہلے فیز میں 65 سال سے زائد عمر کے 95 لاکھ شہریوں کو ویکسینیشن ہو گی۔ دوسرے مرحلے میں رہ جانے والے ہیلتھ کیئر ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی دوسرے فیز میں 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کو ویکسینیشن لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے تیسرے مرحلہ میں ویکسین کی نوعیت دستیاب ویکسین کی مقدار پر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین تیار کرنے والی متعدد کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور ان سے بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خریداری سے پہلے متعدد عوامل پر غور کرے گی، ویکسین کی قسم اس کی افادیت، اس کے اثرات اس کی لاگت اور صلاحیت اور یہ کہ پاکستان کو اس ویکسین کی خریداری تک رسائی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے بعد بخار، جسم میں درد اور تھکن جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو رضا کارانہ طور پر اس حوالے سے خدمات سرانجام دینی چاہئیں اور بغیر کسی ہچکچاہٹ کے ویکسین کے ٹرائل میں حصہ لینا چاہئے۔