کورونا کی تیسری لہر انتہائی تشویشناک ، یہ لہر ان علاقوں میں بھی پہنچ گئی ہے جو پہلی دو لہروں کے دوران محفوظ رہے تھے، قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو ہم وبا کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں،معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

73

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر انتہائی تشویشناک ہے، یہ لہر ان علاقوں میں بھی پہنچ گئی ہے جو پہلی دو لہروں کے دوران محفوظ رہے تھے، اگر عوام نے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد نہ کیا تو ملک کو وائرس کی بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کوویڈ 19 مثبت کیسز کا تناسب دوگنا ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں آکسیجن کی ضروریات بھی کئی گنا بڑھ گئی ہیں،اگرپوری قوم ذمہ داری کا مظاہرہ کرے تو ہم وبا کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں، صورتحال مزید خراب ہوئی تو سخت پابندیاں لگانے پر مجبور ہوں گے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں وبا کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے این سی او سی میں تمام صوبوں میں موجودہ کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں، ملک بھر میں کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح خطرناک ہے اور ہسپتالوں پر دبائو بڑھ رہا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنا کر خود بھی وبا سے بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے محفوظ رکھیں۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے تعاون سے وبا پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، عوام کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلئے سختی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب پٹرولنگ ڈیوٹی پر موجود فوج اور پولیس اہلکار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر درجنوں دکانوں کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ دکانوں کے مالکان گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے عوام پر زور دیا کہ وہ وبا کے خلاف ہر طرح کے حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے کوویڈ۔19 کی تیسری لہر سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکومت کی کوششوں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے مذہبی اسکالرز سے بھی اپیل کی کہ وہ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران لوگوں کو تعلیم دینے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ خصوصی حفاظتی اقدامات کو سختی سے اپنایا جائے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان ویکسی نیشن کے معاملے پر بہت زیادہ پیچھے نہیں ہے، لوگوں کو کورونا کی تیسری لہر سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، مئی اور جون کے مہینے میں پاکستان کورونا ویکسین کی مزید 4 سے 6 ملین ڈوزز کی کھیپ حاصل کرے گا۔