
پشاور۔2اپریل (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر صحت وخزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے ہمیں رویہ تبدیل کرنا ہوگا، صوبے میں ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے، کورونا مریض صحت کارڈ کے ذریعے بھی علاج کرا سکیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، لیڈی ریڈنگ کے نئے بلاک کو کورونا کیلئے مختص کر رہے ہیں، چارسدہ چلڈرن اینڈ ویمن ہسپتال کو کورونا کیلئے مختص کر رہے ہیں، چارسدہ ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال 200بیڈز پر مشتمل ہے، میڈیکل کمپلیکس میں بھی 200بیڈز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ صوابی کے باچا خان ہسپتال میں بھی بیڈز کی تعداد بڑھا رہے بیں، سوات کے سیدو شریف ہسپتال میں 150تک بیڈ کی تعداد بڑھا رہے ہیں، سوات میں سنٹرالائز آکسیجن کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں، صحت انصاف کارڈ کیلئے انشورنش کمپنی سے معاملات طے ہو رہے ہیں، عوام کے تعاون کی بہت ضرورت ہے،
صحت کارڈ پر نجی ہسپتالوں میں بھی مفت علاج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کیلئے 25ارب روپے مختص کئے ہیں، غیر ایم ٹی آئیز ہسپتالوں کو بھی فنڈر فراہم کیے گئے ہیں، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کورونا سے متاثرہ بچوں کا ڈیٹا الگ کریں۔