کورونا کی عالمی وبا کے باوجود پاکستان میں اس وقت ٹیکسٹائل انڈسٹری کا عروج پی ٹی آئی کی ٹیکسٹائل پالیسی کا نتیجہ ہے، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کی فیصل آباد چیمبر میں بزنس کمیونٹی سے بات چیت

52
Asad Umar

فیصل آباد۔26فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقیات،اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے اپو زیشن کے دور میں جو ٹیکسٹائل پالیسی تشکیل دی تھی اس پر من و عن عمل کیا جا رہا ہے جبکہ کورونا کی عالمی وبا کے باوجود پاکستان میں اس وقت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو جو عروج و دوام حاصل ہوا ہے وہ اسی ٹیکسٹائل پالیسی کا نتیجہ ہے جبکہ نئی ٹیکسٹائل پالیسی پر سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کام ہورہا ہے جسے جلد منظوری کیلئے کا بینہ میں پیش کر دیا جا ئے گانیز حکومت معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔جمعہ کے روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر چیمبر کے عہدیداران و ممبران اور بزنس کمیونٹی کے افراد سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ جہاں فیصل آباد کو ٹیکسٹائل حب کا درجہ حاصل ہے وہیں اسے سی پیک کے تحت بننے والے پاکستان کے پہلے ترجیحی اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی وجہ سے بھی خصوصی اہمیت حاصل ہوگئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں حکومت کی کوشش ہے کہ اسے جلد سے جلد مکمل کیا جا ئے تاکہ زیادہ سے زیادہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری کر سکیں۔ اسد عمر نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر تحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا سب سے بڑا بینی فشری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عنقریب جس نئی ٹیکسٹائل پالیسی کا اعلان کرنے جارہی ہے اس کا بھی سب سے زیادہ فائدہ فیصل آباد اور ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ہی ہوگا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے اس امر کی تردید کی کہ ان کی ٹیکسٹائل پالیسی پر عمل نہیں ہورہا اور کہا کہ دراصل یہ انہی کی تیار کردہ پالیسی ہے جس سے صنعتی با لخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر کو مشکل عالمی حالات کے باوجود دوام و عروج حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہی نہیں بلکہ ان کی بھر پور کوشش ہے کہ جس طرح آج پوری ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کر رہی ہے مستقبل میں بھی اس تسلسل کو برقرار رکھا جا ئے۔

انہوں نے کہا کہ نئی زیر غور ٹیکسٹائل پالیسی پر جلد فیصلہ کر لیا جا ئے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ انہوں نے آج فیصل آباد میں انتہائی مصروف دن گزارا ہے اورفیڈمک کے سی پیک ترجیحی اکنامک زون کا دورہ کرکے مختلف مسائل بارے معلومات حاصل کی ہیں جن کے جلد تدارک کیلئے فوری اقدامات کو یقینی بنا یا جا ئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈمک کی ڈیمانڈ پر جھمرہ انٹر چینج بنانے کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں بھی چین کے تعاون سے اپنے مینو فیکچرنگ کے شعبہ کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کیا جا ئے گا اور اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا ئیں گے۔ قبل ازیں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے وفاقی وزیر کو فیصل آباد کی صنعتی و کاروباری برادری کو درپیش مسائل سے آگا ہ کیا جس پر اسد عمر نے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔