کورونا کی ویکسین آئندہ سال2021ء کے آغاز تک ملک میں دستیاب ہوگی، معاون خصوصی برائے قومی صحت

42

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کورونا سے بچائو کی ویکسین آئندہ سال2021ء کے آغاز تک ملک میں دستیاب ہوگی، پورے ملک میں لیبارٹری کی سطح پر تجربات اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ سال کے آغاز میں فروری یا مارچ تک کوویڈ ۔19 ویکسین ملک میں دستیاب ہوگی، کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا تناسب دوسرے شہروں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مہلک وائرس کے پھیلائو سے بچنے کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں کیونکہ وسیع پیمانے پر سماجی سرگرمیاں کورونا وائرس کے پھیلائو میں مزید اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ شادیوں یا کرسمس جیسی سماجی تقریبات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور وزارت صحت کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو کورونا وائرس کے پھیلا کو کم کرنے کے لئے ماسک کا استعمال کرنے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے اصولوں پر عمل کرنا چاہئے۔