اقوام متحدہ۔12جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے کورونا ویکسین کی تیاری کے حوالے سے گزشتہ سال ستمبر میں قائم کیے گئے ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون اور مستقبل میں نئے آنے والے دیگر ویرینٹس کے خلاف موجودہ ویکسینز کی مسلسل افادیت کو یقینی بنانے کے لیے انہیں اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کےٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے ماہرین نے بیان میں اومیکرون کے پھیلائو میں تیزی کے باعث عالمی سطح پر ویکسین کی فوری اور وسیع بنیادوں پر رسائی پر زور دیا ہے۔
گروپ کے ماہرین نے کہا ہے کہ انفیکشن سے تحفظ،منتقلی کو روکنے ، شدید بیماری اور ہلاکت کی روک تھام کے لیے زیادہ موثر ویکسین کی ضرورت ہے اور انہیں تیار کیا جانا چاہیے جبکہ ویکسینز کے گردش کرنے والے مختلف ویرینٹس کو جنیاتی اور اینٹی جینیاتی طور پر دبائو پر مبنی بنانے کی ضرورت ہےاور جب تک کہ ایسی ویکسینز دستیاب نہیں ہو جاتیں موجودہ کورونا ویکسینز کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے تاکہ کورونا ویکسین عالمی ادارہ صحت کی تجویز کردہ سطح کو انفیکشن کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے ۔