کورین سفیر کا دورہ بارانی زرعی یونیورسٹی، مفاہمتی یا داشت پر دستخط

95
Park Ki Jun
Park Ki Jun

راولپنڈی۔31مئی (اے پی پی):جمہوریہ کوریا کے سفیر پارک کی جون نے کہا ہے کہ پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان دیرپا دوستی ہے اور کوریا پاکستان کی ترقی بالخصوص زراعت اور تعلیم کے شعبے میں ہر ممکن مدد کرے گا انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے دورے پرکیا اس موقع پر بارانی زرعی یونیورسٹی، کورین سوسائٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ اور پاکستان سوسائٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کے درمیان علمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں تعاون پر ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کیے گئے

مفاہمت یاداشت کے تحت تمام فریقین کے درمیان سماجی ترقی اور تحقیق سے متعلق باہمی علمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیااور دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی، کورین سوسائٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ صدر سیونگ جن مینگ اور پاکستان سوسائٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ کے صدرر انجینئر منصور رضوی نے اپنے متعلقہ اداروں کی جانب سے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے

قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی نے سفیر اور کویکا کے وفد کا خیر مقدم کیا اور بارانی زرعی یونیورسٹی کے ڈاکٹر محمد اعظم نے یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور توسیعی پروگراموں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی بارانی زرعی یونیورسٹی میں ”کوریا اور پاکستان کے درمیان ماحولیاتی پانی کے انتظام کے لیے جدید ٹیکنالوجیز کی منتقلی” کے موضوع پر ایک بین الاقوامی سیمینار بھی منعقد ہوا سیمینار کا اہتمام یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن، فیکلٹی آف ایگریکلچرل انجینئرنگ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔