کولکتہ نائٹ رائیڈرزنے انڈین پریمیئر لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو 98رنز سے ہرادیا

Indian Premier League
Indian Premier League

لکھنؤ۔6مئی (اے پی پی):سنیل نارائن کی آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرزنےانڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 54 ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو با آسانی 98رنز سے شکست دے دی،یہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی لیگ میں آٹھویں فتح ہے۔

سنیل نارائن کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔گزشتہ روز بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپائی ایکنا کرکٹ سٹیڈیم، لکھنؤ میں کھیلے گئے لیگ کے 54 ویں میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے، اوپننگ بلے باز اور مایہ ناز آل رائونڈر سنیل نارائن نے39 گیندوں پر 7 فلک شگاف چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ،انگکرش رگھوونشی اور فلپ سالٹ نے بالترتیب 32،32 رنز بنائے،رامندیپ سنگھ نے ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔

لکھنؤ سپر جائنٹس کی طرف سے نوین الحق نے تین جبکہ یش ٹھاکر روای بشنوئی اور یودھویر سنگھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور 16 ویں اوور کی پہلی گیند پر 137 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی

۔مارکس سٹوئنس نے 36 رنز بنائے ،کپتان لوکیش راہول نے 25 رنز بنائے۔کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے ہرشیت رانا اور ورون چکرا ورتھی نے تین ،تین جبکہ آندرے رسل نے دو اور سنیل نارائن اور مچل سٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، یوں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو میچ میں باآسانی 98 رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل میں آٹھویں فتح حاصل کرلی۔سنیل نارائن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔