کووڈ۔19 کے دوران متاثر ہو کر آنے والے طلبا کاپہلا بیج دوبارہ چین روانہ ہو رہا ہے،رانا تنویر حسین

کووڈ۔19 کے دوران متاثر ہو کر آنے والے طلبا کاپہلا بیج دوبارہ چین روانہ ہو رہا ہے جس پر بچوں کو مبارک بادپیش کرتے ہیں،رانا تنویر حسین

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ چین کی مختلف یونیورسٹیوں سے کووڈ۔19 کے دوران متاثر ہو کر آنے والے طلبا کاپہلا بیج تمام رکاوٹیں دور کرکے دوبارہ چین روانہ ہو رہا ہے جس پر بچوں کو مبارک بادپیش کرتے ہیں، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ہمارا قومی فریضہ ہے، اس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائےگی۔

ان خیالات کااظہار انہو ں نے رات گئےاسلام آبادانٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طلبا کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بچے دو سال سے مشکلات کاشکار تھے جن کی تعداد 5832 بنتی ہے جنہوں نے اپنے مستقبل کے لئے وزارت خارجہ ، وزارت تعلیم ، ہائر ایجوکیشن کمیشن سے رابطے کئے، اس حساس معاملے کو دیکھتے ہوئے ہم نے چینی ۓحکام اور پاکستانی سول ایوی ایشن اور پی آئی اے حکام سےرابطے کئے ۔ ایچ ای سی نے اس حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جو قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اور 105 طلبا پر مشتمل پہلا بیج چین روانہ ہو رہا ہے جس پر چینی حکومت اور پاکستان میں چینی سفارتخانہ کے حکام کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان طلبا و طالبات کی واپسی کے لئے ہماری کوششوں کو تقویت دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ہماری ذمہ داری اور قومی فریضہ ہے جس میں ہم سروخرو ہوئے ہیں۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے بھی مصروف ترین حج آپریشن کے باوجود ان طلبا کے لئے خصوصی پروازکا بندوبست کیا ہے جس کے اخراجات ہایئر ایجوکیشن کمیشن اور طلبا و طالبات کے والدین نے برداشت کئے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے بیج کی روانگی کےبعد دیگر طلبا کی مرحلہ وار واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور بہت جلد باقی ماندہ طلبا بھی اپنا تعلیمی کیریئر دوبارہ شروع کر سکیں گے۔

اس موقع پر طلبا کے نمائندہ سلمان علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چینی صدر شی جن پنگ ، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کے شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے ہمیں آج یہ دن دیکھنانصیب ہواہے اور 105 طلبا اپناتعلیمی کیریئر کاسلسلہ دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ انہو ں نے اس ضمن میں سیکرٹری تعلیم محرمہ ناہید درانی اور ایچ ای سی کی میڈم شائستہ کابھی شکریہ اداکیاجنہوں نے لمحہ بہ لمحہ نہ صرف طلبا سے رابطہ رکھابلکہ ہماری رہنمائی بھی کرتے رہے۔

امید ہے کہ باقی ماندہ طلبا بھی جلد اپنے تعلیمی کیریئر کا سلسلہ دوبارہ شروع کر سکیں گے۔ طلبا و طالبات کی روانگی سے قبل اسلا م آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نایاب لیب کی طرف سے طلبا کے ریپڈ پی سی آر کووڈ۔19 ٹیسٹ کئے گئے اور تمام طلبا نے ایس او پیز کے تحت تقریب میں شرکت کی۔واضح رہے کہ چینی یونیورسٹیوں میں رجسٹرڈ پاکستانی طلبا کووڈ۔19 کے باعث پاکستان میں پھنس گئے تھے جس کے بعد سفری پابندیاں عائد ہو گئیں۔ ان طلبا نے چینی سفارتخانہ ، وزارت تعلیم، ایچ ای سی اور وزارت خارجہ سے حکام سے اس مسئلہ کے حل کے لئے رابطے میں رہے اور اپنی دستاویزات بھی بھیجیں جس کی روشنی میں ترجیحات متعین کرتے ہوئے ان طلبا کو تعلیمی کیریئر کاسلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے لئے مرحلہ وار ویزوں کے اجرا کافیصلہ کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں ڈگری پروگرام کے 492 طلبا کو شامل کیا گیا جو20-2019 اور 21-2020 اپنے ڈگری پروگرام مکمل کررہے تھے ، 1529 ایسے طلبا جنہوں نے 2022 میں اپنی ڈگریاں مکمل کیں انہیں دوسری ترجیح میں رکھاگیااور تیسری ترجیح میں 3196 ان طلبا کوشامل کیا گیاہے جو 2023 تک اپنی ڈگریاں مکمل کررہے ہوں گے۔چینی حکومت کی طرف سے 251 طلبا کی پہلے مرحلے میں واپسی کے لئے فروری 2022 میں رابطہ کیا اور اس وقت ایچ ای سی نے 251 میں سے 161 طلبا کو سفری اخراجات پر متفق کرسکی بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر 105 رہ گئی ہے۔ پہلے مرحلہ کے 105طلبا و طالبات پیر کی علی الصبح چین کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔