اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کی اپیل مسترد کرتے ہوئے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پر ملی بھگت سے کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافے، غیرمسابقتی سرگرمیوں اور ایسوسی ایشن کو قیمتوں کو فکس کرنے کے لئے استعمال کرنے پر 5 کروڑ روپے جرمانہ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ کمپٹیشن کمیشن نے 2011 میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو کمپٹیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں کو فکس کرنے پر پانچ کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ کمیشن نے یہ فیصلہ ایک انکوائری کرنے اور اس حوالے سے ثبوت دستیاب ہونے پر دیا۔تحقیقات کے مطابق، گھی و کوکنگ آئل ملز، قیمتوں کے تعین کے لئے ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم کا استعمال کرتے تھے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کئے جاتے تھے۔
وناسپتی ایسوسی ایشن جس میں تقریباً 100 گھی و کوکنگ آئل ملز شامل ہیں، کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کئے رکھا۔اس کے علاوہ ایسوسی ایشن نے آئل ٹینکر ایسوسی ایشنز اور نیشنل لاجسٹک سیل (این ایل سی) کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے نرخ طے کرنے کے لیے بھی معاہدے کر رکھے تھے جس کے باعث لاجسٹکس شعبہ میں منصفانہ مقابلے اور ایسوسی ایشن کے نان ممبر اراکین کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ محکمہ کسٹم انڈر انوائسنگ کے خدشات دور کرنے کے لیے یہ وناسپتی ایسوسی ایشن کو درآمدی خوردنی تیل کی رسیدوں کی تصدیق کی ذمہ داری دے رکھی تھی ۔وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے درآمدی تیل کی تصدیق کے لئے ممبران سے 4 روپے فی میٹرک ٹن جبکہ کمرشل امپورٹرز پر10 روپے فی میٹرک ٹن فیس عائد کئے رکھی۔ کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل میں اپنے دفاع کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے وکیل نے کہا کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو کے ردعمل میں قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے قیمتوں کو متعین کیا۔
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل نے کمپٹیشن کمیشن کے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پر عائد کیے گئے 5 کروڑ روپے جرمانے کے فیصلے کو برقرار رکھا اور واضح کیا کہ کوئی بھی ٹریڈ ایسو ایشن کے پلیٹ فارم کو قیمتوں کے تعین کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587932