کوہاٹ میڈیا کالونی پر کام تیز کیا جائے، وزیر اطلاعات شفیع جان

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کوہاٹ میڈیا کالونی کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ حکام کا فوری اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منصوبے پر مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

پشاور۔ 10 ستمبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کوہاٹ میڈیا کالونی کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ حکام کا فوری اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ منصوبے پر مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے کوہاٹ پریس کلب کے صدر نور محمد بنگش کی قیادت میں صحافتی وفد سے ملاقات کے دوران دیں۔ ملاقات میں کوہاٹ کی صحافتی برادری کو درپیش مسائل، میڈیا کالونی کے منصوبے، سالانہ گرانٹ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ریجنل آفیسر انفارمیشن ارشاد آفریدی بھی موجود تھے۔وفد نے صوبائی وزیر کو میڈیا کالونی منصوبے کی موجودہ پیشرفت اور صحافیوں کے دیگر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے مؤثر حکومتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ شفیع جان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ میڈیا کالونی کے معاملے پر فوری اجلاس منعقد کرکے تمام ضروری امور کا جائزہ لیا جائے اور منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے پیشرفت تیز کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں سے متعلق منصوبے کو غیر ضروری طور پر زیرالتوا رکھنا مناسب نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میڈیا ریاست کا اہم ستون ہے اور صحافی عوامی مسائل اجاگر کرنے، حکومت اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور عوامی مفاد کے معاملات سامنے لانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کوہاٹ کے صحافیوں کو درپیش جائز مسائل، خصوصاً میڈیا کالونی اور سالانہ گرانٹ سے متعلق امور کے حل کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ وفد نے صحافتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی وزیر کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میڈیا کالونی منصوبے کو جلد عملی شکل دینے کیلئے حکومتی سطح پر مؤثر پیشرفت سامنے آئے گی۔