کویت سٹی۔7اگست (اے پی پی):کویت کی وزارت تجارت نے نیا قانون جاری کیا ہے جس کے تحت پرائیوٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین پر کاروبار کرنے یا کسی کاروبار میں شریک بننے پر پابندی عائد ہو گی۔
اردو نیوز کے مطابق وزارت تجارت نے گزشتہ روز کہا ہے کہ نئے قوانین کے مطابق صرف وہ غیر ملکی کویت میں کاروبار کرسکتے ہیں یا کسی کاروبار میں شریک ہوسکتے ہیں جن کے پاس انویسٹر کا اقامہ ہوگا۔ وزارت نے لیبر قوانین کے تحت دفعہ 19 میں بھی ترمیم کی ہے جس کا تعلق غیر ملکی سرمایہ داروں سے ہے۔ کویتی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ اعداد وشمار سے معلوم ہوا ہے کہ کویت میں مقیم 10 ہزار غیر ملکی جو پرائیوٹ سیکٹر سے تعلق رکھتے ہیں وہ 45 ہزار تجارتی لائسنس کے مالک ہیں یا کسی نہ کسی حد تک شریک کاروبارہیں۔
وزارت نے کہا کہ نیا قانون منظور ہونے کے بعد وہ تمام تجارتی لائسنس منسوخ قرار دیئے جائیں گے جن میں دفعہ 19 کے تحت نہ آنے والا کوئی غیر ملکی کاروبار میں شریک یا مالک ہوگا۔ وزارت نے کاروبار کرنے والے اور دفعہ 19 کے تحت نہ آنے والے غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر وہ کاروبار کو جاری رکھنا چاہتے ہیں تو اپنی قانونی حیثیت درست کرلیں یا کاروبار ختم کردیں۔