
اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):کویت کے وزیر خارجہ اور وزیر مملکت برائے کابینہ امور ، شیخ ڈاکٹر احمد ناصر آل محمد الصباح اپنے پاکستانی ہم منصب مخدوم شاہ محمود قریشی کی دعوت پر کل جمعرات18 مارچ کو دو روزہ دورے پرپاکستان پہنچیں گے،ان کے ہمراہ دورے میں کویت کی وزارت خارجہ ، صحت ، داخلہ ، اور تجارت و صنعت کے اعلی عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد بھی ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے کے دوران کویتی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کیساتھ ملاقات اور مختلف امور پر بات چیت کرنے کے علاوہ ، دیگر اعلی حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، جو مشترکہ عقیدے اور اقدار کے مستحکم بنیادوں پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک نےعالمی وبائی مرض کے دوران صحت کے شعبے اور فوڈ سیکیورٹی میں قریبی تعاون کیا۔
کویت کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورے سے دونوں ملکوں کے مابین اعلی سطح پر باہمی تبادلوں اور تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔