فیصل آباد۔ 07 اگست (اے پی پی):کاشتکاروں کو کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول اور فصل کو ملی بگ کے حملہ سے بچانے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کوترجیحی بنیادوں پر تلف کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں نیز ملی بگ کے حملہ سے متاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کی بجائے انہیں زمین میں دفن کر دیا جائے تاکہ وہ مزید پودوں پر حملہ آور نہ ہو سکیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع خالد اقبال نے کہا کہ ماہرین زراعت سمیت محکمہ زراعت کا فیلڈسٹاف کپاس کے کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کررہا ہے تاکہ ان کی فصلوں کو کیڑوں کے حملے سے بچا کر بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ماہرین زراعت کی سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے نائٹروجن، فاسفورس، پوٹاش کا استعمال کریں۔ا نہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ بوقت ضرورت ماہرین زراعت کو اپنے کھیتوں کا دورہ بھی کروائیں تاکہ وہ کپاس کی فصل کے بارے میں انہیں بہتر مشورے فراہم کر سکیں۔