کپاس کی فصل کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، سید فخرامام

وزیراعظم عمران خان پاکستان کو کرپشن فری اور دنیا کی مثالی قوم بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں، سید فخر امام
وزیراعظم عمران خان پاکستان کو کرپشن فری اور دنیا کی مثالی قوم بنانے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں، سید فخر امام

ملتان۔7اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخرامام نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے حکومت کپاس کی تحقیق اور ترقی کیلئے مستقل پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں عالمی یوم کپاس کے موقع پر اپنے ویڈیو لنک خطاب میں کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال پاکستان میں کپاس کی پیداوار میں کافی حد تک بہتری محسوس ہورہی ہے کیونکہ اب تک 3.85ملین گانٹھ کپاس کی پیداوار حاصل ہوچکی ہے حالانکہ ہمارے ہاں موسمی حالات بھی بہتر نہیں تھے اس کے ساتھ کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور دیگر مختلف بیماریوں کا حملہ بھی محسوس کیا گیا اس کے باوجود کپاس کی فصل و پیداوار بہتر رہی۔

انہوں نے کہا کہ معیاری کھاد ،سپرے اور بیج ان پٹس استعمال کرتے ہوئے ہم کپاس کی پیداوار میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں -موجودہ حکومت اس مقصد کیلئے کسانوں اور کاشتکاروں کو سبسڈی بھی فراہم کررہی ہے اور آئندہ اس میں مزید اضافہ کیا جائےگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مرتبہ حکومت کسانوں کو کپاس کی 5000روپے فی من سپورٹ پرائس دے رہی ہے انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا اور اسی طرح ڈالر کی قیمت میں بھی ایکدم اضافہ ہونے سے پاکستان میں کپاس کا ریٹ بہتر ہوا۔ سابقہ سالوں کی نسبت اس سال کسانوں کو بھی کپاس کی بہتر قیمت ملی۔

وفاقی وزیر سید فخر امام نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بہتر مینجمنٹ سے ہم کپاس کی پیداوار میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں اس مقصدکیلئے حکومت کسانوں اور کاشتکاروں کی ہر ممکن مدد کرے گی ۔

عالمی یوم کپاس کے موقع پر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میں زرعی کمپنیوں نے اپنے سٹالز بھی لگائے ہوئے تھے قبل ازیں واک برائے ورلڈ کاٹن ڈے ریلی نکالی گئی اس پروقار تقریب میں وفاقی و صوبائی زرعی افسران ، زرعی سائنسدان ، زرعی اسٹیک ہولڈرز اور کپاس کے کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی –