ملتان۔ 28 فروری (اے پی پی):ملتان کے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کےڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہاکہ کپاس کی منافع بخش پیداوار میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی ملک میں کپاس کی بحالی وترقی ممکن ہے۔ڈاکٹر محمد نوید افضل نے ایک روزہ ریفریشر کورس برائے کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کپاس کے کسان کی خوشحالی مضبوط ملکی معیشت کی ضامن ہے اور ہم کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر محمد نوید افضل نے کہا کہ ریفریشر کورس سے نہ صرف کپاس کے رقبہ میں اضافہ ہوگا بلکہ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اس ریفریشرکورس کا مقصد نہ صرف پبلک و پرائیویٹ سیکٹرزکے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا ہے بلکہ کپاس سے متعلق جدید تحقیقی نتائج کو موئثر انداز میں کسانوں تک پہنچانا اصل مقصود ہے جس سے کسانوں کو بروقت رہنمائی ملنے سے کپاس پر کسانوں کا اعتماد بحال ہوگا اور ملک میں کپاس کے رقبہ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔
ریفریشر کورس کے شرکائ میں پرائیویٹ سیکٹر، سیڈ،فرٹیلائزرز،پیسٹی سائڈز،ترقی پسند کاشتکار اور مختلف این جی اوزسے تعلق رکھنے والے60سے زائد آفیسران نے حصہ لیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان ڈاکٹر محمد نوید افضل نے شرکاءمیں تربیتی سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے اور نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو انعامات بھی دیئے۔