کپاس کے کاشتکاروں کے لئے31 اگست تک کی سفارشات جاری

Cotton
Cotton

ملتان۔15اگست (اے پی پی):سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کی فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا گیارہواں اجلاس منعقد ہوا،جس کی صدارت سی سی آر ملتان ڈاکٹر زاہدمحمودنے کی۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے زرعی ماہرین نے ملکی سطح پر کپاس کی مجموعی صورتحال اور کپاس کی نگہد اشت کا جائزہ پیش کیا ۔

اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کے لئے 31اگست تک کی سفارشات پیش کیں جس میں مون سون کی بارشوں سے کپاس کی فصل پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا ۔بارشوں کے بعد کپا س کی فصل پر کیڑے مکوڑوں کے حملہ میں اضا فہ ہوا ہے خاص کر سفید مکھی کے حملے میں کافی شدت پائی گئی ہے۔ کاشتکارسفید مکھی سے بچاﺅ کی صورت میں پیلے لیس دار چپکنے والے پھندے بحساب10عدد فی ایکڑ کے استعمال کی سفارشات پیش کی گئیں۔

کاشتکاروں کو مشورہ دیاگیاکہ چنائی کے بعد بارش سے متاثرہ کپاس کو دوسری چنائی والی کپاس میں مکس نہ کیا جائے بلکہ دونوں چنائی والی کپاس کوعلیحدہ علیحدہ خشک کیا جائے۔ خشک ہوجانے والی کپاس کی جننگ مکمل کر لیں اوربیج کو دھوپ لگوا کر اچھی طرح خشک ہونے کے بعد محفوظ کرلیں۔

متوقع بارش کی صورت میں کاشتکارآبپاشی سے گریز کریں۔ کھیت سے بارشوں کے پانی کے نکاس کا مناسب انتظام لازمی کریں اور بارش کا پانی کھیت میں24گھنٹے سے زیادہ ہرگز کھڑا نہ رہنے دیں۔ کھیت میں جو بھی نئی جڑی بوٹی نظر آئے اسے فوری تلف کیا جائے۔ کپاس کے پودوں کی چوٹی پر سفید پھولوں کی علامت فصل کی بڑھوتری رک جانے کی ہے جسے کھاد اور پانی کے ذریعے چلایا جاتا ہے۔

کپاس کی فصل اس وقت تیزی سے پھول ڈوڈی ،ٹینڈے اٹھا رہی ہے لہذا کاشتکار فصل کو کھاد اور پانی کی کمی ہرگز نہ آنے دیں۔ موسمی حالات کے پیش نظر کاشتکار کپاس کی چنائی کے وقت کا تعین کریں اور متوقع بارش سے پہلے کپاس کی چنائی کا عمل مکمل کر لیں۔

اجلاس میں سی سی آر آئی ملتان کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمد نوید افضل ،ڈاکٹر محمدادریس خان ، مس صباحت حسین، ساجد محمود، ڈاکٹر رابعہ سعید اور مس آسیہ پروین و جنید احمد خان ڈاہا سائنٹفک آفیسرزنے شرکت کی۔