فیصل آباد۔ 07 مارچ (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ جدید تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نائٹروجن کھاد کو فاسفورس کھاد کے ساتھ 1:1یا کیلشیم امونیم نائٹریٹ کھاد کے ساتھ 1:1.5 کی شرح کے ساتھ مکس کر کے استعمال کیا جائے تو اس سے گندم کی 10فیصد اضافی پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی ماہرین نے انتہائی کامیابی کے ساتھ مذکورہ طریقہ دریافت کیا ہے جس کے استعمال سے زیادہ پیداوار حاصل کر کے قومی معیشت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شو ر زدہ زمین میں این ایچ 4 اور این او 3کو ملا کر استعمال کرنے سے گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ مختلف فصلوں کی کاشت اور ان کی فی ایکڑ بھر پور پیداوار کے حصول سمیت اراضی کی ذرخیزی کےلئے استعمال کی جانے والی نائٹروجن یوریا کھاد کی 30فیصد مقدار بخاراتی شکل میں ضائع اور گیس کی صورت میں ہوا میں تحلیل ہو جاتی ہے جس کے باعث نائٹروجن کی صلاحیت میں بھی خاطر خواہ کمی و اقع ہوتی ہے اور نتیجتاً توقعات کے مطابق فصل حاصل نہیں ہوتی۔