اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کھاد کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے اقدامات کر رہے ہیں، مانگ میں اضافے کے پیش نظر کھاد کی قیمتوں پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ کسانوں پر مالی بوجھ نہ بڑھے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کھاد کی کوئی کمی نہیں ، ڈی اے پی کھاد کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہےجس کی ممکنہ وجوہات میں زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کی جانب سے زمین کی زرخیزی بہتر بنانے کی کوششیں شامل ہو سکتی ہیں۔
اجلاس میں ربیع سیزن کے لئے ڈی اے پی اور یوریا کھاد کے سٹاک کی پوزیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے ملک میں کھاد کے موجودہ ذخیرے پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں ڈی اے پی اور یوریا کھاد دونوں کی کوئی کمی نہیں، ڈی اے پی کھاد کی مانگ بڑھ رہی ہے اور اس کی کھپت میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رانا تنویر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے جاری کردہ کسان کارڈ کی وجہ سے ڈیمانڈ بڑھ گئی، کسانوں کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے کھاد کا اضافی ذخیرہ دستیاب ہے۔ان کا کہنا تھاکہ کاشتکار ربیع کے سیزن میں ڈی اے پی کے مناسب استعمال سے اضافی پیداوار حاصل کریں گے،کسانوں کی خوشحالی سے ملک ترقی کرے گا، ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں ہیرا پھیری کے خلاف صوبے سخت کارروائی کریں