کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے صوبہ بھر میں سافٹ سپورٹس گرائونڈز بنائے جائیں گے، سیکرٹری سپورٹس احسان بھٹہ کی اے پی پی سے گفتگو

227

لاہور ۔ 19مارچ (اے پی پی ) کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے صوبہ بھر میں سافٹ سپورٹس گرائونڈ کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت پنجاب میں 436 بیکار پڑی اراضی کو گرائونڈز میں تبدیل کرکے ڈیویلپ کیا جائیگا، منصوبہ کا پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے، رواں سال منصوبہ کے پہلے فیز میں 100 گرائونڈز اور آئندہ مالی سال میں 336 گرائونڈز تیار کئے جائیں گے، تحصیل سطح پر 24 سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں کرکٹ، ہاکی، فٹ بال گرائونڈز جبکہ والی بال، باسکٹ بال اور سکوائش کورٹ بنائے جائیں گے، 24 میں سے 14سپورٹس کمپلیکس رواں مالی سال میں مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ 10 اگلے سال کے بجٹ میں مکمل کر لئے جائیں گے، سیاحت کے نئے مقامات اور سائٹس کیلئے اٹک، پنجند، کھابل، کلر کہار، فورٹ منرو توسیع نمل اور کالا باغ میانوالی منتخب کیا گیا ہے جس پر ورکنگ جاری ہے، صوبے میں آثار قدیمہ کی بہتری کیلئے 102.486 ملین روپے کا میگا پراجیکٹ تیار کر رہے ہیں، پراجیکٹ کے تحت تاریخی مقامات کی بحالی تعمیر و مرمت تزئین و آرائش پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی، یوتھ ایکسچینج کے تحت بلوچستان، سندھ، کے پی کے اور شمالی علاقہ جات کے طلباء و طالبات کو پنجاب کے دورے کرائے جائیں گے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے صوبہ بھر میں 19 ای لائبریریاں بھی قائم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری سپورٹس یوتھ افیئر، آرکیالوجی اینڈ ٹورازم احسان بھٹہ نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں ہم نے 1390ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے کہ جنہیں معمولی محنت اور لاگت سے کھیل کے میدان میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، 6 سے 12 لاکھ میں بہترین گرائونڈز تیار کئے جائیں گے جس سے طلبائ، عوام اور ہر طبقہ مستفید ہوگا اور سپورٹس کلچر پروان چڑھے گا، سافٹ سپورٹس گرائونڈ کے پہلے فیز میں 436 بیکار پڑی اراضی کو گرائونڈز میں تبدیل کرکے ڈیویلپ کیا جائے گا جس کا پی سی ون بن گیا ہے، موجود مالی سال میں 100 گرائونڈز اور آئندہ مالی سال میں 336 گرائونڈز تیار کرکے عوام کے سپرد کردئیے جائیں گے۔ احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ نچلی سطح پر 24 تحصیل سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں جن میں کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کی گرائونڈز ہوں گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ والی بال، باسکٹ بال اور سکوائش کورٹ بنائے جائیں گے، 24 میں سے 14سپورٹس کمپلیکس رواں مالی سال میں مکمل کرلئے جائیں گے جبکہ 10 اگلے سال کے بجٹ میں مکمل کرلئے جائیں گے، اس کے علاوہ گوجرانوالہ کے قریب گھکھڑ سپورٹس ایرینا تعمیر کیا جائے گا، جو سپورٹس کے شعبے میں ایک میگا پراجیکٹ کے درجے کا حامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے روایتی مقامات میں سہولتوں کے معیار کو بہتر بنا رہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ نئی سائٹس پر بھی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، اس ضمن میں اٹک، پنجند، کھابل ،کلر کہار، فورٹ منرو توسیع نمل اور کالا باغ میانوالی سیاحت کے نئے مقامات کیلئے منتخب کئے گئے ہیں۔ احسان بھٹہ نے کہا کہ آثار قدیمہ کسی بھی معاشرے کے شاندار ماضی اور تاریخ کے غمازی ہوتے ہیں، آثار قدیمہ کا تحفظ اور سیاحت کا آپس میں گہرا تعلق ہے، آثار قدیمہ کے تحفظ ان تک آسان رسائی اور ان سے متعلق معلومات عام کرنے سے سیاحت کا فروغ فطری امر ہے، صوبے میں آثار قدیمہ کی بہتری کیلئے 102.486 ملین روپے کا میگا پراجیکٹ تیار کر رہے ہیں، اس پراجیکٹ کے تحت تاریخی مقامات کی بحالی، تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی سے مل کر تاریخی مقامات پر ایسی لائٹس نصب کر رہے ہیں جن سے تاریخی مقامات جاذب نظر اور نمایاں نظر آئیں گے، 30 جون ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے جس کے تحت نادرہ بیگم خان بہادر ٹیکسلا میوز یم اور شالیمار کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش اور تعمیر و مرمت کا کام مکمل کیا جائے گا۔ احسان بھٹہ نے کہا کہ امور نوجوان کیلئے بھی ان کا محکمہ مختلف نوعیت کے پروگرام ترتیب دے چکا ہے، یوتھ ایکسچینج کے تحت بلوچستان، سندھ، کے پی کے اور شمالی علاقہ جات کے طلباء و طالبات کو پنجاب کے دورے کرائے جائیں گے جس سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں صوبہ بھر میں 19 ای لائبریریاں بھی قائم کی جائیں گی، ان لائبریریوں سے طلباء و طالبات اور عوام کو نایاب کتابوں تک رسائی دستیاب ہوگی۔