کھیل معاشرے میں برداشت، رواداری، صبر اور نظم و ضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں، محمد حنیف عباسی

95

راولپنڈی۔11فروری (اے پی پی):مسلم لیگ (ن )کے رہنما و رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا صحت مند معاشرے کے لئے ضروری ہے، کھیل معاشرے میں برداشت، رواداری، صبر اور نظم و ضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتے ہیں، راولپنڈی میں جلد کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کی لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھرڈ ہائیر ایجوکیشن سپورٹس اور فرسٹ ہائر ایجوکیشن سپورٹس فیکلٹی کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔

تقریب میں ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمد ستی، ڈپٹی ڈائریکٹر امجد اقبال خٹک، جہلم ، چکوال اور اٹک کے ڈپٹی ڈائریکٹرز، میل و فی میل کالجوں کے پرنسپلز اور دیگر نے شرکت کی۔ لیگی رہنما حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ ن لیگ کو جب بھی موقع ملا کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن کوشش کی اور میدان آباد کیے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں اور کھیل کود جسمانی نشونما کے لیے ضروری ہے۔ ایک صحت انسان صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردا ر ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی تعلیمی بورڈ سپورٹس ونگ کی ڈائریکٹر ثوبیہ سلطانہ کو ان کی مسلسل محنت اور سپورٹس ایونٹس کے بہترین انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈویژن پروفیسر شیر احمد ستی نے کہا کہ جن کالجوں کے پاس گراؤنڈ موجود ہیں انہیں ہر حال میں آباد کیا جائے گا اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز امجد اقبال خٹک نے بتایا کہ تھرڈ ہائیر ایجوکیشن سپورٹس میں رواں تعلیمی سال کے دوران راولپنڈی ڈویژن کے 11600 طلبا و طالبات نے کل 33 ایونٹ میں حصہ لیا جس میں 726 کو انعامات کا حقدار قرار دیا گیا۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ہائر ایجوکیشن فیکلٹی سپورٹس کا انعقاد بھی ہوا۔