کوئٹہ۔ 19 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنراوستہ محمد ارشد حسین جمالی نے کہا کہ کھیل نہ صرف انسانی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھا کر ہم منشیات، جوا اور دیگر برائیوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈگری کالج اوستہ محمد میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر جب گرونڈ میں پہنچے تو کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں ہار پہنائے گئے اور ان کا کھلاڑیوں سے تعارف کروایا گیا۔
کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہتر معاشرے کے قیام کے لیے کھیل اہم کردار ادا کرتے ہیں ،اس لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بڑھا کر ہم نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے ہٹا کر مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر سکتے ہیں ،اس لیے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو منشیات ،جوا و دیگر برائیوں سے دور رکھنے کے لیے کھیلوں کی طرف اپنے آپ کو مائل کریں، ضلعی انتظامیہ کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔