کیسکوکی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں ، بجلی چوروں کیخلاف 380 ایف آئی آر درج

149
Against power thieves
Against power thieves

کوئٹہ۔ 03 اکتوبر (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تمام آپریشن سرکل میں جاری ہیں، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے کارروائیوں کے دوران صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام علاقوں میں اب تک 5117 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں 3049گھریلو جبکہ 1986کمرشل اور 82انڈسٹریل کنکشنز شامل ہیں۔

صوبہ کے تمام علاقوں میں پولیس اسٹیشنوں اور لیویز تھانوں میں بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کے لیئے 1265 درخواستیں دائر کر دی گئیں ہیں اور اب تک مجموعی طور پرصوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام علاقوں میں بجلی چوروں کیخلاف 380 ایف آئی آر درج ہو چکے ہیں جن میں سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 66، لورلائی میں 89، خضدار میں 65، سبی میں 93، پشین میں 46 اور مکران میں 21 ایف آئی آر درج ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک مجموعی طورپر166 بجلی چور بھی گرفتار ہو ئے جن کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

دریں اثناء بجلی چوروں کو 25 لاکھ 30 ہزار یونٹ ڈیٹیکشن جرمانہ کی مد میں چارج کیئے گئے ہیں۔کارروائی کے دوران اب تک بجلی چوری کی مد میں تمام بجلی چوروں کو تقریبا 13 کروڑ 83 لاکھ روپے جُرمانہ بھی کیئے گئے ہیں جبکہ بجلی چوروں سے جرمانہ کی مد میں اب تک 9 کروڑ 26 لاکھ روپے بھی وصول کیئے جا چکے ہیں۔