کیسکو کی بجلی چورو ں کے خلاف مہم، بلوں میں تقریباً10ارب روپے کی ریکوری کرلی

112
QESCO

کوئٹہ۔ 06 نومبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف صوبہ بھر میں کامیاب مہم جاری ہے ۔مہم کے دوران ستمبراور اکتوبر2023میں بجلی کے بلوں کی مدمیں تقریباً10ارب روپے سے زائد کی ریکوری کرلی گئی ہے جوکہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

اس کے علاوہ (کیسکو)نے اس مہم میں تقریباً69ہزار نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی مدمیں بھی اب تک تقریباً ایک ارب37کروڑ64لاکھ روپے وصول کرلئے ہیں۔ اس میں اب تک صوبہ بھر کے 1369بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے مختلف تھانوں میں درخواستیں دائر کی گیں جس میں سے اب تک 386 ایف آئی آر بجلی چوروں کے خلاف درج کی گئیں۔

اس کے علاوہ بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 49 لاکھ یونٹس جرمانہ چارج کیا گیااورمذکورہ ڈٹیکشن شدہ یونٹس کی قیمت تقریباً25کروڑ13لاکھ روپے بنتی ہے جس میں سے اب تک21کروڑ62 لاکھ روپے وصول بھی کئے جاچکے ہیں۔کیسکو تمام صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے علاوہ اپنے بقایاجات بھی اداکرتے جائیں اور بجلی کے غیرقانونی استعمال سے گریزکریں۔