کینیڈا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق کی کینیڈین ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے کینیڈا کی حکومت کی معاونت پر پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیزلے سکان لونا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستان کی متنوع کمیونٹی رہتی ہے جو کینیڈا کے معاشرے کے مختلف شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کینیڈا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبوں میں وسیع استعداد موجود ہے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ کینیڈا نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں منصوبے شروع کئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں استعداد کار سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

دریں اثناء اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام یو این ای پی کی انتظامی ڈائریکٹر اینگراینڈرسن نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا خیر مقدم کیا اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے ان کے ادارے کے کردار کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گزشتہ مون سون میں تباہ کن سیلاب آیا جس سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔ پاکستان سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے اہداف کے حصول کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی وسیع زرعی اراضی زیر آب ہے جس سے پاکستان میں زرعی پیداوار پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے عالمی سطح پر ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا اد ارہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ ہے۔ یو این ای پی نے پاکستان میں اپنا مقامی دفتر قائم کر دیا ہے جو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان پائیدار ماحولیاتی نظام اور ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے یو این ای پی کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔