نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند 20 جولائی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی۔ وزارت سنبھالنے کے بعد انیتا آنند کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند 20 جولائی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند 20 جولائی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گی۔ وزارت سنبھالنے کے بعد انیتا آنند کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کینیڈین وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے جن میں پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں رہنما تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ باہمی دلچسپی کی علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملکی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات قائم ہیں جن کی بنیاد مضبوط عوامی روابط اور کینیڈا میں مقیم متحرک پاکستانی کمیونٹی ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔







