ٹورنٹو۔31اگست (اے پی پی):کینیڈا کی ڈینیلے میک گاہے بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی ٹرانس جینڈر کرکٹر کا اعزاز حاصل کرنے کے قریب ہیں۔ 29 سالہ اوپنر میک گاہے کو مرد سے خاتون ٹرانسجینڈر کھلاڑیوں کیلئے آئی سی سی کے مطلوبہ معیار اور اہلیت کو پورا کرنے کے بعد ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2024ء کوالیفائنگ رائونڈ کے لئے کینیڈا کے ویمنز سکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے،
ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رائونڈ آئندہ ماہ بنگلہ دیش میں ہوگا۔ اگر ڈینیلے کو کینیڈا کی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والی پہلی ٹرانسجینڈر کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیں گی۔ واضح رہے کہ میک گاہے فروری 2020ء میں آسٹریلیا سے کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے ڈینیلے میک گاہے نے کہا کہ یہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ اتنے بڑے لیول میں اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کر سکوں گی جس کا میں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔